حفیظ سنٹر آتشزدگی، مین بلیوارڈ چاروں اطراف سے بند

18 Oct, 2020 | 07:03 PM

Arslan Sheikh

( عابد چوہدری ) سانحہ حفیظ سنٹر، آتشزدگی کے دوران ٹریفک پولیس نے مین بلیوارڈ کو چاروں اطراف سے بند کر دیا، سی ٹی او سید حماد عابد صورتحال کا جائزہ لینے موقع پر پہنچ گئے۔

سانحہ حفیظ سینٹر آتشزدگی کے باعث شہریوں کے رش اور ٹریفک کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ پھیلتے ہی ٹریفک پولیس کی جانب سے گلبرگ مین بلیوارڈ کو عام ٹریفک کے لئے چاروں اطراف سے بند کر دیا گیا۔ سی ٹی او سید حماد نے مختلف ڈائیورشنز کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے باعث متبادل روٹس کا جائزہ لیا۔

سی ٹی او سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے باعث مین بلیوارڈ گلبرگ کو عام ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا ہے، حالی روڈ سے حفیظ سنٹر ڈائیورشن کروائی گئی ہے جبکہ لاہور سنٹر سے حفیظ سنٹر ڈائیورشن کروائی گئی ہے، مین بلیوارڈ پر جانے والی ٹریفک کو متبادل راستے کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

 ایمرجنسی اور ریسکیوگاڑیوں کے لئے راستہ کلیئر رکھا گیا ہے۔ سی ٹی او نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب کمشنر لاہور نےسانحہ حفیظ سنٹر پر 14 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن، چیف انجنئیر بلڈنگ سنٹرل زون، ڈی او ایمرجنسی، چیف میٹرو پولیٹین آفیسر، ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے ممبر ہوں گے۔ 

اسی طرح سی ای او لیسکو، نیسپاک، آئی ڈیپ کا ایک ایک نمائندہ، صدر حفیظ سنٹر ٹریڈ یونین ملک کلیم اور سابق صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ بھی تحقیقاتی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ کمیٹی 24 گھنٹے میں ابتدائی رپورٹ جبکہ تفصیلی رپورٹ کمشنر کو 7 دن میں جاری کرے گی۔ 

مزیدخبریں