کورونا کا دوسری لہر کا سامنا، شہری احتیات کریں: گورنر پنجاب

18 Oct, 2020 | 01:45 PM

Shazia Bashir

اچھرہ(فاران یامین) حسین میموریل ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کی ویلکم اور الوداعی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کورونا سے ابھی مکمل نجات نہیں ملی دوسری لہر آئی ہوئی ہے ہمیں زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کی ترقی  کے لئے کوشاں ہے، ہومیوپیتھک بہت سے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے، تعلیم کیساتھ صحت بہت بڑا  مسئلہ ہے،10 سے 15 فیصد ہیپاٹائٹس اور شوگر کے مریض ہیں، جس کو کنٹرول کرنے  کے لئے حکومت کام کر رہی ہے،ہیپاٹائٹس فری پنجاب چاہتے ہیں۔ہومیوپیتھک سے وابستہ افرادکو دیگر ڈاکٹرز کی طرح مقام دلوانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ہم پر اللہ کا احسان ہے کہ اس کو کنٹرول کیا۔امریکہ ،برطانیہ،فرانس ،جرمنی، اٹلی جیسے ممالک نے کورونا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔مجھے سوچ کر خوف آتا کہ ترقی یافتہ ملک کا بجٹ ہم سے سو گناہ زیادہ ہے وہ مقابلہ نہیں کر پا رہے تو ہم کیسے کریں گے۔

 دوسری جانب  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا سے چھٹکارا نہیں ملا،عوام احتیاطی تدابیرکو نہ بھولیں،ماسک کے ساتھ ہی جینا ہوگا۔ میو  ہسپتال میں بصارت کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب ہوئی، جس میں چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال ڈاکٹر اسد اسلم،ڈاکٹر باقر سمیت میڈیکل سے وابسطہ افراد شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ انسانیت کا تقاضہ ہے کہ اپنی ذات کو فراموش کرکے لوگوں کی خدمت کی جائے۔حکومت پنجاب کی توجہ شعبہ صحت پر ہے۔اپوزیشن جلسہ میں کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسہ کی ذمہ داری اپوزیشن کی تھی ہمارا کام آگاہی دینا تھا ۔

مزیدخبریں