لوئرمال (اکمل سومرو) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن بورڈ کا اہم اجلاس، سرکاری کالجوں میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل قائم کرنے اور ایسوسی ایٹ ڈگری میں سمسٹر سسٹم لاگو کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر فضل احمد خالد کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹرخالد آفتاب، ڈاکٹرعارف بٹ، ڈاکٹرخالد مسعود گوندل، ڈاکٹر نازش عطاء اللہ، ایم پی اے ساجد احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن ارم بخاری نے شرکت کی۔
پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ذریعے سے کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس آنرز کی مانیٹرنگ ہوگی۔ کالجوں کے طلباء کیلئے کیرئیر کونسلنگ اور سکالر شپ پورٹل قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے بنایا جائے گا۔
چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے سٹی42سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری کے نصاب کی تیاری کیلئے ہر ڈسپلن کی الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی منظوری حاصل کی گئی۔ ایسوسی ایٹ ڈگری کو سالانہ پروگرام سے سمسٹر سسٹم میں تبدیل کرنے پر اصولی اتفاق کیاگیا۔
اجلاس میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے سب کیمپس کو ڈگریاں ایوارڈ کرنے کا اختیار دینے کی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران بھرتی ہونے والے نئے اساتذہ کی ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں میں تعینات ہونے والے نئے وائس چانسلرز کے لئے لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔