کرپشن میں ملوث ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا: عثمان بزدار

18 Oct, 2020 | 09:07 AM

Shazia Bashir

مال روڈ(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔ کرپشن میں ملوث ٹولہ لوٹی گئی دولت کا تحفظ چاہتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ وہ شکست خوردہ عناصر ہیں جنہیں عوام نے یکسر مسترد کیا۔  قوم باشعور ہے،یہ عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے باوجودعوامی اجتماع کرنا اپوزیشن جماعتوں کی بے حسی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے عوام کی زندگیوں کی پرواتک نہیں کی۔ان عناصر نے صرف اپنے ذاتی ایجنڈے کو مقدم رکھا۔

علاوہ ازیں حکومت کا عوام کے جان و مال کے تحفظ اور تخریبی سرگرمیوں کے بروقت سد باب کیلئے اہم اقدام، جدید ترین آلات سے لیس نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں بم ڈسپوزل سکواڈ کو مل گئیں ۔وزیر اعلیٰ آفس میں نئی بم ڈسپوزل گاڑیاں پنجاب کے 8 اضلاع کے حوالے کرنے کی تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نئی بم ڈسپوزل گاڑیوں کامعائنہ کیااور گاڑیوں میں نصب جدید آلات بھی دیکھے۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے بم ڈسپوزل گاڑیاں متعلقہ اضلاع کے بم ڈسپوزل کمانڈرکے حوالے کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جدید سہولتوں اور آلات سے لیس گاڑیوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ کی صلاحیتو ں میں مزید اضافہ ہو گا۔نئی گاڑیاں ملنے سے متعلقہ اضلاع میں بم ڈسپوزل یونٹ کی کارکردگی بہتر ہو گی۔

عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری انفارمیشن اورمتعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

مزیدخبریں