اسموگ کی صورتحال میں بہتری،لاہور میں سورج نکل آیا،تاجروں کا مارکیٹو ں کے اوقات کار بحال کرنے کا مطالبہ

18 Nov, 2024 | 09:54 AM

ویب ڈیسک: پنجاب میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے سے پنجاب میں سموگ کی شدت میں قدرے کمی ہوئی ہے تاہم صوبے کی فضا بدستور مضر صحت ہے۔

رحیم یار خان 669 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بہاولپور 443 ائیر انڈیکس کے ساتھ دوسرے اور لاہور 402 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے۔

 کئی روز سے پنجاب کی فضا کو آلودہ اور شہریوں کو انتہائی پریشان کن صورتحال سے دوچار کرنے والی دھند کی شدت میں کمی آگئی، شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہواؤں نے پنجاب کی گرد آلود فضا کو صاف کردیا۔

 دوسری جانب لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر 24 نومبر تک پابندی ہوگی،ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر 24 نومبر تک مکمل پابندی ہو گی،دونوں شہروں میں آؤٹ ڈور ڈائننگ میں شام 4بجے تک پابندی ہوگی۔

 ٹیک اوے پر رات 8بجے تک تمام ریسٹورنٹس پر پابندی ہو گی،نماز جنازہ پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا،تمام مارکیٹیں،دکانیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا ہوں گے۔

 فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی،ملتان اور لاہور میں ایچ ٹی وی گاڑیوں کے داخلے پر 24 نومبر تک پابندی ہوگی۔

 پنجاب کے دیگر 16اضلاع میں تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوام پر داخلے پر 24 نومبر تک پابندی عائد کی گئی ہے،لاہور میں آتش بازی پر 31 جنوری تک پابندی ہوگی۔

 یہ بھی پڑھیں :  100 غیر ملکیوں کو سزائے موت

 دفاتر میں نصف عملہ کے ساتھ کام کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی،ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثناء ہو گا۔

 سکولز ، کمرشل مارکیٹیں اور پارکس سمیت تفریحی مقامات پر پابندیوں میں توسیع کردی گئی ہے،ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند رہیں گے یا آن لائن منتقل ہونگے۔

 تمام تر کمرشل مارکیٹوں کی بندش میں 24 نومبر تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،پارکس ، چڑیا گھر ، تاریخی مقامات،پلے لینڈ اور عجائب گھر 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

 پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹروے  مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ،  ایم 4 پیرعبد الحکیم سے ملتان ، ایم 5ملتان سے سکھر ، ایم 11 لاہور،سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث بند کردیا گیا ۔

شہر میں فضائی آلودگی میں واضح کمی  کے بعد شہر کی تاجر برادری کا پنجاب حکومت سے مارکیٹوں اور بازاروں کے اوقات کار کی بحالی کا مطالبہ کردیا۔
شاہ عالم ،اردو بازار ،ہال روڈ ،گلبرگ سمیت مختلف مارکیٹوں کی تاجر برادری نے لاہور چیمبر آمد اورصدر میاں ابوذر شادسے  کاروباری اوقات کار بحال کرانے کا مطالبہ کردیا۔
 

مزیدخبریں