فیڈرل بیورو آف ریوینیو نے نان فائلرز کے بجلی گیس کے کنکشن کاٹنے کی دھمکی دے دی

18 Nov, 2023 | 02:26 AM

سٹی42: فیڈرل بورڈ آف ریو نیو  نے  نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے بجلی اور گیس کے کنکشن کاٹ کر ان کے ساتھ رہنے والے ان شہریوں کو بھی بجلی اور گیس سے محروم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی جن پر کوئی ٹیکس واجب الادا نہیں۔ ایف بی آر نے دھمکی دی ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے والے شہریوں کی موبائل فون کی سمیں بھی بلاک کی جائیں گی۔ 

ایف بی آر کے  اعلامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں غیر رجسٹر افراد کو نوٹس جاری کیےجائیں گے، نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کی سم بلاک کروا دی جائیں گی اور ان کے نام پر موجود بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کروا دیئےجائیں گے ۔

فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے یہ منصوبہ بندی اگلے سال جون تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانےکے نام پر کی ہے اور ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ نادرا نے بھی اس سے تعاون کی یقین دہانی کروا ئی ہے۔

ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق جون2024 تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس بنیاد وسیع کرنے کےلیے پورے ملک میں گریڈ 17 کے افسروں کی سربراہی میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفس قائم کر دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ اس اقدام سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو "مطلوبہ سطح"  تک بڑھایا جائے گا، ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا اور اسے ٹیکس کی ایویلیوایشن کے لئےاستعمال کیا جائے گا۔ تھرڈ پارٹی ڈیٹا کا مطلب شہریوں کے مختلف طریقوں سے رقم خرچ کرنے کی تفصیلات ہیں جو ان کی آن لائن سرگرمیوں اور ادائیگیوں کے متعلق ہو سکتی ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق اس ڈیٹا کی بنیاد پر نان فائلرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مختلف ادارے اور محکمے خودکار ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نادرا نے ایف بی آر کو ڈیٹا انٹگریشن کے ذریعے مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزیدخبریں