ویب ڈیسک : سری لنکا کی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا کے ساتھ لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے برانڈ سفیر مقرر کر دیا۔
ایل پی ایل کا تیسرا ایڈیشن 6 دسمبر سے 23 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے کرکٹرز بھی شریک ہوں گے۔
وسیم اکرم نے ایل پی ایل کا سفیر مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سری لنکن فینز سے ہمیشہ پیار اور محبت ملا ہے، ایل پی ایل سے اچھے کھلاڑی سری لنکا کو مل رہے ہیں جو ہمیں ایشیا کپ میں بھی نظر آئے۔
پاکستان کے سابق کپتان کا کہنا تھا میں ایل پی ایل کے گزشتہ دو ایڈیشنز کے میچز اور ان کی کوالٹی دیکھی ہے اور مجھے امید ہے کہ ایل پی ایل کے تیسرے ایڈیشن میں بھی کرکٹ کا معیار برقرار رہے گا۔خیال رہے کہ وسیم اکرم نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر میں 916 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سنتھ جے سوریا نے اپنے کیرئیر کے دوران 20 ہزار رنز اور 440 وکٹیں حاصل کیں، دونوں کرکٹرز کا شمار اپنے وقت کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔