نوجوت سدھو کا نام کرتار پور آنے والے وفد سے کیوں نکالا گیا؟

18 Nov, 2021 | 05:02 PM

ویب ڈیسک: بھارتی پںجاب کے وزیراعلی چرن جیت سنگھ کی قیادت میں کرتارپور آنے والے وفد میں سابق کرکٹر اور  صدر کانگریس کمیٹی نوجوت سنگھ سدھو کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ 

بھارتی اخبار انڈین ایکسپرس نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ریاست پنجاب کی طرف سے 50 رکنی وفد میں شامل کرنے کے لیے ان کا نام مرکز کو نہیں بھجوایا گیا۔ پنجاب کے وزیراعلی کے وفد میں ایم ایل ایز اور ان کی فیملیز شامل ہیں جو جمعرات کو کرتارپور پہنچے اور مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد واپس چلے گئے۔ 

نوجوت سدھو نے 2019 میں سب سے پہلے کرتار پور راہداری کے کھلنے کی خبر دی تھی جس کے بعد دنیا بھر کی سکھ برادری نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا تھا۔ 

 سٹی 42 کے نمائندے کے مطابق بھارتی وزیر اعلی پنجاب چرن جیت سنگھ ڈپٹی وزیر اعلی وزراء اور ممبران اسمبلی کے ہمراہ کرتار پور راہداری سے گردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچے تھے ۔ بھارتی وزیر اعلی پنجاب کو   پاکستان آنے پر گردوارہ کرتار پور مینجمنٹ یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد لطیف پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ پاکستان پنجاب اسمبلی کے صوبائی وزیرِ اوقاف پیر سید سعید الحسن اور دیگر نے خوش آمدید کہا ۔

بھارتی وزیر اعلی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستہ پیش کیا گیا ۔ بھارتی مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کئے گئے ۔وزیر اعلی چرن جیت سنگھ نے گردوارہ بابا گورو نانک میں حاضری دی اور بابا گورو نانک کی سمادی پر چادر چڑھائی اور گردوارہ دربار صاحب کرتار پور کے ہیڈ گیانی سردار گوبند سنگھ نے بھارتی وزیر اعلی پنجاب کیلئے سپیشل مذہبی رسومات ادا کیں اور دعا کروائی ۔

بھارتی وزیر اعلی پنجاب کو کرتار پور راہداری منصوبہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلی نے گردوارہ دربار صاحب کرتار پور کے مخلتف حصوں کا دورہ کیا ۔ گردوارہ میں بابا گورو نانک کنواں صاحب میزائل صاحب اور میوزیم کو بھی دیکھا ۔

بھارتی وزیر اعلی چرن جیت سنگھ نے بابا گورو نانک کے کھیتوں سے حاصل ہونے والی گندم کی روٹی اور سبزیوں سے تیار لنگر کھایا ۔وزیراعلی چرن جیت سنگھ بابا گورو نانک کا گردوارہ اور راہداری کا منصوبہ دیکھ کر حکومت پاکستان  کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرتارپور گوردوارا کو ایک شاہکار بنا دیا ہے۔

بھارتی وزیراعلی  نے کرتار پور مینجمنٹ یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد لطیف اور پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کا بہترین انتظامات پر  بھی شکریہ ادا کیا ہے ۔ گردوارہ دربار صاحب کرتار پور مینجمنٹ یونٹ اور پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کی طرف سے بھارتی وزیر اعلی چرن جیت سنگھ اور دیگر مہمانوں کو تحائف بھی پیش کئے ۔

مزیدخبریں