(درنایاب) مال روڈ پر ٹریفک فلو کےلئے ایل ڈی اے نے میگا پراجیکٹ لانے کا فیصلہ کیا ہے، مال روڈ پر زیرزمین ٹنل یا ہر چوک میں انڈر پاس بنانے کے میگا پراجیکٹس کی تجویزدی گئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹاسک پر ایل ڈی اے اور نیسپاک نے پلاننگ شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مال روڈ ٹریفک کنٹرول کرنے کےلئے میگا پراجیکٹ کیلئے دو تجاویز دی گئی ہیں ، تجاویز میں مال روڈ پر زیرزمین ٹنل یا مال روڈ کے ہر چوک میں انڈر پاسز شامل ہیں، دونوں تجاویز پر ایل ڈی اے اور نیسپاک نے عملی طور پر کام شروع کردیا ہے، ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹریفک کنٹرول کےلئے میگا ہراجیکٹ کی سٹڈی شروع کردی ہے۔
پہلے پروپوزل میں فورٹریس سے مال روڈ تک زیر زمین ٹنل انٹرس دی جائے گی، مال روڈ پر ایگزٹ پوائنٹ نیلا گنبد رکھنے کی تجویزسامنے آئی ہے، زیر زمین وہیکلر ٹنل کی گہرائی کتنی ہوگی نیسپاک نے سٹڈی شروع کردی ہے، دوسرے پروپوزل میں مال روڈ کے ہر چوک میں انڈرپاس تعمیرکیا جائے گا، نیسپاک کی سٹڈی کے بعد پروپوزل کمشنر لاہور اور پھر وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیں گی۔
ایل ڈی اے نے مال روڈ کے ساتھ شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور، شاہکام چوک پر فلائی اوور اور ایٹ گریڈ ری ماڈلنگ کا ڈیزائن بھی تیارکرنا شروع کردیا ہے جبکہ شہر میں نئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر بھی پلاننگ کا آغازکردیا گیا، وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد مال روڈ وہیکلر ٹنل پراجیکٹ کے فنانشل ماڈل کی پلاننگ کی جائے گی،پنجاب حکومت کو مال روڈ پراجیکٹ کے فنانس کےلئے ورلڈ بنک ، ایشین بنک کا سہارا لینا بھی تجویز کیا جائے گا۔