شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری

18 Nov, 2020 | 02:57 PM

Muhammad Zeeshan

سٹی 42: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نےآئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل مختصر دورہ پاکستان کا اعلان کردیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشترکہ اعلان کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم آئندہ برس اکتوبر میں پاکستان آئے گی۔انگلش کرکٹ ٹیم بارہ اکتوبر کر کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کر کراچی میں ہوں گے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انگلینڈ ٹیم اکتوبر 2021 میں پاکستان میں سیریز کھیلے گی۔

اس مختصر سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 16 اکتوبر کو بھارت روانہ ہو جائیں گی جہاں وہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ سیریز  پہلے جنوری میں ہونا تھی لیکن لاجسٹک اور دیگر مسائل کی وجہ سے اسکو اکتوبر  کے لیے ری شیڈول کر دیا گیا۔


  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے بعد انگلینڈ کے مکمل اسکواڈ کی میزبانی کرے گا۔ اس دوران ہم آسٹریلیا کی میزبانی کے بھی منتظر ہوں گے، جو کہ سیزن 22-2021 کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے، پھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم سیزن 23-2022 میں ایک بار پھر ریڈ اور وائیٹ بال کرکٹ کھیلنے پاکستان آئے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جو انہیں سال 23-2022 میں ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کے لیے آنے اور پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنےمیں معاونت کرے گا۔یاد رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم 2005 کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔

مزیدخبریں