(عثمان علیم) آئی ڈیپ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ڈیزائن تیار کر لیا، چھ ارب پچاس کروڑ تخمینہ لاگت،منظوری کیلئے حکومت کو ارسال کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایات پر آئی ڈیپ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پلاننگ کمیشن تیار کر لیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کا تخمینہ چھ ارب پچاس کروڑ لگایا گیا، آئی ڈیپ نے ملتان اور بہاولپور میں تیار کیے جانیوالے سیکرٹریٹ اور جی او او کے ڈیزائن بھی تیار کرلیے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ڈیزائن کو منظوری کیلئےصوبائی ترقیاتی بورڈ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے آٹھ محکمے ملتان جبکہ آٹھ محکمے بہالپور میں ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کمپلیکس ملتان میں لاء، ہوم ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، پولیس، ایگریکلچر اور فاریسٹ کے محکموں کے دفاتر بنائے جائیں گے، بہاولپور سیکرٹریٹ کمپلیکس میں ایس اینڈ جی اے ڈی، ایریگیشن، فنانس، پی اینڈ ڈی، بی او آر، لوکل گورنمنٹ، لائیو سٹاک اور سی اینڈ ڈبلیو کے دفاتر کی تعمیر کی جائے گی، صوبائی ترقیاتی بورڈ کی حتمی منظوری پر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد بیورو کریسی کے اختیارات بھی تقسیم کردیئے گئے، پنجاب رولز آف بزنس میں ترمیم کر کے چیف سیکرٹری پنجاب کے اختیارات میں کٹوتی کردی گئی، چیف سیکرٹری پنجاب پورے صوبے کے بجائے چیف سیکرٹری وسطی اور چیف سیکرٹری شمالی پنجاب کا اختیار استعمال کریں گے۔