گلوکارہ صنم ماروی کا سابقہ شوہر کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

18 Nov, 2020 | 12:10 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)گلوکارہ صنم ماروی کا بچوں کیلئے اپنے سابقہ شوہرکے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔ بچے چارروزماں اورتین روزوالد کے ہمراہ رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ صنم ماروی کا بچوں کے لئے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا بچے چار روز ماں اور تین روز والدہ کے ہمراہ رہیں گے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لئے معاہدہ طے پایا ہے، گزشتہ روز  گلوکارہ کی  اچانک طبیعت خراب ہونے پر نیشنل ہسپتال ڈیفنس لے جایا گیا جہاں انہیں ڈاکٹرز نے داخل کرنے کے بعد مکمل ٹیسٹ کئے اور انہیں ایک ہفتہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ۔

ذرائع کے مطابق صنم ماروی چند روزقبل مختلف شہروں میں شوز کرکے لاہور پہنچیں اور موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ان کو فلو اور انفیکشن ہوگئی جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

واضح رہے کہ  فیملی سول جج کی عدالت میں صنم ماروی نے اپنے شوہر حامد علی کے خلاف خلع کے دعوے میں موقف اختیار کر رکھا تھا کہ اس کے تین بچے ہیں اس کا شوہر حامد علی اس پر تشدد کرتا ہے، بچوں کے سامنے بھی اس کو مارتا ہے اور گالیاں دیتا ہے وہ کافی عرصے سے تشدد برداشت کررہی ہے اب وہ مزید تشدد برداشت نہیں کرسکتی۔ عدالت سے استدعا کی تھی کہ اسے خلع کی بنیاد پر طلاق دلوائی جائے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے گلوکارہ کو خلع کی ڈگری جاری کردی تھی۔

 گارڈین کورٹ کے جج یعقوب علی کی عدالت میں گلوکارہ صنم ماروی نے درخواست دی تھی کہ حامد علی بچوں کی پرورش نہیں کرسکتا اس سے بچے ماں کو دلوائے جائیں۔ عدالت نے دعوے پر حامد علی کو جواب کے لیے کہا جس پر حامد علی نے جواب داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس پر تشدد کے الزامات غلط ہے، وہ بھی صنم ماروی سے محبت کرتا ہے اور ساری فیملی اس سے پیار کرتی ہے، وہ بیوی اور بچوں کو باقاعدگی سے خرچہ دے رہا ہے۔

واضح رہےکہ گلوکارہ صنم ماروی نے حامد علی 2009 میں اسلامی قوانین کے تحت شادی کی،جن میں سے ان کے تین بچے ہیں، بقول صنم ماروی شادی کے کچھ عرصے کےبعد شوہر کا رویہ تبدیل ہوگیا، شوہر بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بناتا ہے، اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم و ستم برادشت کرتی رہی مگر میرے  صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیاتھا۔

مزیدخبریں