ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ڈی ایم کا میثاق پاکستان پر اتفاق

پی ڈی ایم کا میثاق پاکستان پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک ( پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی ' میثاق پاکستان' پر اتفاق کرلیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت  اجلاس ہوا، جس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس میں مریم نواز نے اپنے  والد نواز شریف کی جگہ شرکت کی، اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور حالیہ گلگت بلتستان انتخابات کا جائزہ لیا گیا جبکہ چارٹر آف پاکستان پر بھی مشاورت کی گئی۔

اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی میثاق پاکستان پر اتفاق کیا گیا جس کے مطابق وفاقی، اسلامی، جمہوری، پارلیمانی آئین پاکستان کی بالادستی اور عمل داری اور پارلیمنٹ کی خود مختاری یقینی ہو،  مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے ہنگامی معاشی پلان جبکہ آئین کی اسلامی شقوں کا تحفظ اور عمل درآمد بھی نکات میں شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور انٹیلی جنس اداروں کے کردار کا خاتمہ اور آزاد عدلیہ کا قیام یقینی بنایا جائے جبکہ آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے اصلاحات اور انعقاد شامل ہے، میثاق پاکستان میں عوام کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کا تحفظ، صوبوں کے حقوق اور 18 ویں ترمیم کا تحفظ، مقامی حکومتوں کا مؤثر نظام، اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کا دفاع، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے نکات شامل ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے جلسے شیڈول پر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی آڑ میں جلسوں پر پابندی لگانے کو مسترد کرتے ہیں، پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق کیے جائیں گے، نواز شریف کو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کرنا تھا تاہم انہیں اچانک گردے میں تکلیف کے باعث ہسپتال جانا پڑا اور وہ شریک نہ ہوسکے۔

انہوں  نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  شوگر مافیا کو 400 ارب روپے کی سہولت دی گئی، افسر نے چور پکڑا تو اسے نوکری سے نکال دیا گیا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مریم نواز، احسن اقبال اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی، اس کے علاوہ سینیٹر شیری رحمان، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما اکرم خان درانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سربراہی میں اجلاس چارٹر آف پاکستان زیر غور آئے گا، اجلاس میں مشاورت کے بعد چارٹر آف پاکستان کی منظوری دی جائے گی، حکومت کا خاتمہ چارٹر آف پاکستان کے نکات میں شامل ہو گا، آئین کی بالا دستی اور شفاف انتخابات بھی چارٹر آف پاکستان میں شامل ہیں جبکہ چارٹر کے مطابق 18 ویں ترمیم کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں ملکی معیشت کی بحالی کے لیے لائحہ عمل تیار ہو گا، آزاد میڈیا اور آزادی اظہار کا دفاع کیا جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer