ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ن لیگ نے بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر جھوٹے مقدمات چلائے گئے، مرحومہ کلثوم نواز کی جدوجہد تاریخی تھی۔
پارٹی قائد نوازشریف نے مسلم لیگ ن سینٹرل ورکنگ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، پورے ملک کی پارٹی قیادت یہاں موجود ہے۔ آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے پیار بھرا پیغام دینا چاہتا ہوں، یہاں موجود ایک ایک چہرہ مسلم لیگ (ن) کا ستون ہے، بہترین لیگی ساتھیوں پر سنگین مقدمات بنائےگئے، مشکل حالات میں ن لیگ نے بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر جھوٹے مقدمات چلائے گئے، مرحومہ کلثوم نواز کی جدوجہد تاریخی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بتایاجائے کیا وجہ تھی جو 1993میں ہماری حکومت کا تختہ الٹاگیا؟ ہماری حکومت جاری رہتی تو ہمارا ملک دنیا میں ایک مقام حاصل کرچکا ہوتا، میرے دور اقتدار میں ہی موٹرویز بننا شروع ہوگئی تھیں، سب جانتے ہیں موٹرویز نے ملکی معیشت میں کتنا اہم کردار ادا کیا۔اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ایٹم بم نہ بنانے کیلئے5ارب ڈالر آفر کیے گئے تھے۔
نوازشریف نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا نتیجہ یہ نکلا ملک میں مارشل لا لگادیاگیا، اس کے بعد جعلی مقدمے بھگتے اور 27سال کی سزا سنائی گئی، ملک کو ایٹمی قوت بنانے پر مجھے سزائے موت دلوانے کی بھرپور کوشش کی گئی، جب میرے خلاف کچھ نہ بن سکا تو 7 سال کے لیے ملک بدر کردیاگیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 70سالہ تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے، جلاوطنی کے بعد واپس آئے اور 2013میں دوبارہ ہماری حکومت آئی، اقتدار میں آنے کے بعد 2013 میں بنی گالہ گیاتھا، بنی گالہ میں اس وقت تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، سازش کرکے دھرنے شروع کردیے گئےتھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کیاگیا، جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آئے تو سی پیک کے معاہدے کیے گئے، سی پیک کے ذریعے ملک میں پاور پلانٹس اور موٹرویز بنائیں۔