ویب ڈیسک : وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نےکرغزستان کے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز سے ملاقات کی۔
ملاقات جمہوریہ کرغزستان کے دارلحکومت بشکیک میں تشدد کے واقعات کے سلسلے میں ہوئی، پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے پاکستانی شہریوں بالخصوص متاثرہ پاکستانی طلباء کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ کے خدشات سےکرغز نائب وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا، حسن ضیغم نے کرغز حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں ۔
کرغز نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ کرغز حکام نے صورتحال پر قابو پالیا ہے، صورتحال اب معمول پر آ گئی ہے،کرغز پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ، اس معاملے کی براہ راست نگرانی کرغیز صدر کر رہے ہیں۔
نائب وزیر خارجہ الماز نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کہ کرغزستان کی حکومت کل کے حملے کے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ کچھ پاکستانیوں سمیت چودہ غیر ملکی شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، ایک پاکستانی شہری زیر علاج ہے۔