حکومتِ پاکستان بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد کی فراہمی کو یقینی بنائے، بلاول بھٹو

18 May, 2024 | 02:37 PM

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشکیک میں پاکستانی طلبا کیخلاف پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔

 اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت کی فراہمی کو یقینی بنائے۔وزارتِ خارجہ بشکیک میں پاکستانی طلبہ کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔ پاکستانی سفارتخانہ طلبہ سے رابطے اور ان کے اہلخانہ تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے، ہمارے نوجوان کرغزستان میں پاکستان کے سفیر ہیں، مشکل حالات میں تحمل و ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کریں۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان دو برادر اسلامی ممالک ہیں، کرغزستان پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے عوام باہمی دوستانہ تعلقات کیلئے ہمیشہ پرجوش رہے ہیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے باہمی احترام و بھرپور تعاون پر کھڑے دوطرفہ تعلقات ہر موسم میں آزمودہ ہیں، یقین ہے حکومتِ کرغزستان اپنی سرزمین پر پاکستانیوں کا ہمیشہ اسی طرح خیال رکھے گی جیسے وہ اپنے شہریوں کا رکھتی ہے۔

مزیدخبریں