ویب ڈیسک : کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبا کیخلاف تشدد کے واقعات کے بعد کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اعزاز خان نے کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور وہاں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبا کیخلاف واقعات کی رپورٹس پر حکومتِ پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا،وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکومتِ پاکستان کرغز حکومت سے رابطے میں ہے، کرغز حکام نے بشکیک میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبا کے خلاف تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کرغز حکام نے انکوائری کرانے اور قصور واروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا ہے، کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائن کھول دی ہیں، سفارت خانے نے طلبا اور ان کے اہلخانہ کے سوالات کے جوابات دیئے ہیں۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم اعلیٰ کرغز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، کرغز وزارت صحت کے مطابق 4 پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کردیاگیا ۔