پاکستان نے ترکمانستان کو ہرا کر سینٹرل ایشین چیمپئن شپ  جیت لی

18 May, 2024 | 12:47 AM

سٹی42: پاکستان کی نیشنل والی بال ٹیم نے  سینٹرل ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں ترکمانستان کو  سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ 

اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مقابلہ ہوا۔

پاکستان نے پہلے دونوں سیٹ 21-25، 19-25 سے اپنے نام کیے، تیسرے سیٹ میں ترکمانستان نے 25-20 سے کمبیک کیا۔ پاکستان نے میچ کا چوتھا سیٹ 14-25 سے جیت کر ٹائٹل جیت لیا۔

پاکستان 6 لگاتار میچز جیت کر چیمپئن شپ میں ناقابلِ شکست رہا۔ قومی ٹیم نے مجموعی طور پر چھ میچوں میں 18 سیٹ جیتے اور 3 سیٹ ہارے۔ 

تیسری پوزیشن کے میچ میں کرغزستان نے سری لنکا کو ایک کے مقابلے تین سیٹ سے شکست دےدی۔ 

وفاقی وزیر احسن اقبال اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ میچ کے اختتام کے بعد چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب مین احسن اقبال نے  کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔

قومی والی بال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے انعام

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیتنے والی قومی والی بال ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 5 ،5  لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن اور ٹیم کو سینٹرل ایشین چیمپئن شپ جیتنے پر مبار کباد پیش کرتا ہوں،  ٹورنامنٹ کے ذریعے سینٹرل ایشیا ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ والی بال ٹیم کا کوئی کھلاڑی بے روزگا رہے تو اسے 7 دنوں میں نوکری دیں گے۔

مزیدخبریں