(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئر مین،سابق وزیراعظم عمران خان کا گوجرانوالا میں خطاب،عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بن کر شہبازشریف کو سمجھ نہیں آ رہا کہ کرنا کیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے دور حکومت میں برآمدات 26 فیصد بڑھی،شہباز شریف کو اچکن سلوانے کا بڑا شوق تھا اب قوم کو جواب دیں۔بڑے مافیا ایک طرف اور قوم دوسری طر ف کھڑی ہے،سیاست نہیں ہو رہی، ملک میں انقلاب آ رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 21 سال کرکٹ کھیلی لیکن سٹیڈیم میں اتنے زیادہ لوگ نہیں دیکھے، شانداراستقبال، جذبے، جنون پر دل سے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ماشااللہ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیارہے، یہ سیاست نہیں انقلاب آرہا ہے۔ سارے پاکستان کے بڑے، بڑے ڈاکو، مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے، اللہ کا شکرادا کرتا ہوں میری قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی۔
عمران خان نے کہا کہ جب قوم ،ایک قوم بن کر کھڑی ہوجائے اس کوانقلاب کہتے ہیں، کرپٹ مافیا لوگوں کا خون چوستے ہیں، مافیا کو بُری طرح شکست دیں گے۔ گوجرانوالا والو ! کیا اسلام آباد کے لیے تیار ہو، میں اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے سب کو بلا رہا ہوں، پاکستان کے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کر کے پاکستان کی منتخب حکومت کوسازش کے تحت گرایا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری قوم زندہ اورآزاد ہے اس لیے سڑکوں پر ہے، جب ہماری حکومت ہٹائی گئی اس وقت ملکی دولت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا، ہماری حکومت میں تاریخی ایکسپورٹ ہو رہی تھی، پچھلے نو ماہ میں 26 فیصد پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھی، ایوب خان کے دورکے بعد پاکستان کی انڈسٹری اٹھنا شروع ہوئی۔
بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ 31 ارب ڈالر بھیجے، ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، زیادہ ٹیکس اکٹھا ہونے پر حکومت نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کو کم کیا تھا، دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، ہم نے عوام پر کم بوجھ ڈالا، ہماری حکومت نے کسانوں کوپیداوارکا پورا معاوضہ دیا، ہمارے دوسالوں میں کسانوں کا سب سے زیادہ خوشحالی میں گزرا۔