سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا

18 May, 2022 | 01:01 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  عمر سرفراز چیمہ نے گورنر شپ سے برطرفی کا نوٹیفکیشن عدالت  میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

ذرائع کے مطابق برطرف گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ عہدے سے ہٹائے جانے کا کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن جلد عدالت میں پیش کریں گے جس کے لیے انہوں نے آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمرسرفرازچیمہ کی جانب سے آج درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکیے جانے کاامکان ہے ، عمرسرفراز چیمہ کی جانب سے گورنر ہاؤس میں داخلہ روکنے کیلئے پولیس تعیناتی کا معاملہ بھی عدالت میں اٹھایاجائےگا۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ن لیگ نے وزیراعلیٰ کے غیر آئینی استعفے کو جانتے بوجھتے چھپایا اور جھوٹ بول کر غیرآئینی عدالتی فیصلے کروائے،  ن لیگ نے جعلی الیکشن کے ذریعے خود ساختہ وزیراعلیٰ بنایا اور اس غیر آئینی وزیراعلیٰ کو جعلی حلف دلوایا۔

کچھ روز قبل عمر سرفراز چیمہ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت وزیراعظم کے خلاف کارروائی کیلئے متعلقہ فورم یا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ،  پنجاب میں جاری آئینی و قانونی بحران وزیراعظم اور ان کے بیٹے کی آئین شکنی اور طاقت کے غیرقانونی استعمال کی وجہ سے ہے، آئین شکن و قانون توڑنے والے کو عدالت کے کٹہرے تک پہنچاکر رہوں گا.

واضح رہےکہ10 مئی کو عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں پارٹی رہنما بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ کیا ۔

مزیدخبریں