حمزہ شہباز کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی، ق لیگ کا بڑا فیصلہ

18 May, 2022 | 11:28 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)   پاکستان مسلم لیگ (ق) نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر سپریم کورٹ کی رائے آنے کے بعد   پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا انتخاب چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی،  مسلم لیگ (ق ) نے پنجاب میں وزرات اعلیٰ کا انتخاب چیلنج کرنے کیلئے اپنے وکلاء کو درخواست تیار کرنے کی ہدایت کر دی، مسلم لیگ ق کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی تحریری رائے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے، فیصلے کے بعد پرانی کابینہ بحال ہو گئی ہے، حمزہ کی طرف سے جاری کیے جانے والے احکامات بھی کالعدم ہو ں گے۔

صفدر شاہین پیرزادہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے کی تصدیق شدہ نقل وصول کرنے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  منحرف اراکین پارلیمنٹ سے متعلق آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے رائے دے دی ہے، عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواستیں خارج کردیں اور پی ٹی آئی منحرف ارکان تاحیات نا اہلی سے بچ گئے۔

مزیدخبریں