لیسکو نے خراب میٹرز کا ملبہ صارفین پر ڈال دیا

18 May, 2021 | 04:55 PM

Arslan Sheikh

 شاہد ندیم سپرا: خراب ہونیوالے بائیس ہزار میٹرز کو تبدیل کرنے کی بجائے لاکھوں روپے کی اضافی بلنگ صارفین کو کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لیسکو نے ہزاروں صارفین کے خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کی بجائے لاکھوں روپے کی اضافی بلنگ کر دی۔ کمپنی کے ہزاروں صارفین کے میٹرز کو تبدیل نہ کیا جا سکا جبکہ دوہرے بل وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ کمپنی نے خراب میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ لگا کر بلنگ کرنا شروع کر دی۔

پورے سال کی اوسط نکال کر صارفین کو اضافی بل بھجوا دیئے گئے۔ بعض صارفین کو ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھی اضافی بل بھجوا دیئے گئے۔ کمپنی میں بائیس ہزار صارفین کے کنکشنز کو ڈیفیکٹو کوڈ لگایا گیا ہے۔ بارہ ہزار سنگل فیز جبکہ دس ہزار سنگل فیز میٹرز کو تبدیل نہیں کیا جا سکا۔

خراب میٹرز کو قوانین کے مطابق تبدیل کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ بروقت میٹرز تبدیل نہ ہونے سے صارفین کو نقصان جبکہ بجلی چوروں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ 

دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی کے لائن لاسز میں اضافہ ہونے کی وجہ سے لاہور ریجن گیس چوری کی ریکارڈ شرح کیساتھ دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔ اس سے قبل لاہور گیس چوری کی شرح کم ہونے سے چوتھے نمبر پر تھا۔ لاہور ریجن میں کروڑوں روپے کی گیس سسٹم سے غائب ہو گئی۔

گیس چوری کی وجہ سے لائن لاسز کی شرح 13 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے سبب کمپنی کو ایک ماہ کے دوران 13 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ فروری میں نو فیصد جبکہ مارچ میں گیس چوری میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، ریجنل ٹیموں کی جانب سے موثر آپریشن نہ ہونے کے سبب گیس چوری میں اضافہ ہوا ہے۔ 

مزیدخبریں