(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت نے کورونا کی تیسری لہر کے باعث شادی ہالز، مزارات، بیوٹی پارلرز اور پارکس کو مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت سنیما گھر، بیوٹی پارلرز، شادی ہالز، مزارات، پارکس بند رہیں گے جبکہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔
نئے حکمنامے کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق کردیئے گئے ہیں اور کاروبار کے اوقات کار صبح 6 تا رات 8 بجے تک ہوں گے جب کہ صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا، دفاتر میں ملازمین کی حاضری 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جب کہ ڈائن ان ٹیبل سروس پر بھی پابندی برقرار ہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 135 افراد وائرس سے جاں بحق، 2566 نئے کورونا کیسز سامنے آگئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.61 فیصد رہی۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 19752 افراد انتقال کرچکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار 928 ہوچکی ہے جبکہ اب تک وائرس سے 7 لاکھ 95 ہزار 511 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔