سٹی 42: معاشرے کی عمارت برداشت، اخلاقیات، رواداری اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے، بدقسمتی سے دنیا بھر میں عدم برداشت دن بدن بڑھتا جارہا ہے، یہ عدم برداشت آج ہمیں اس نہج پہ لے آیا کہ چھوٹے سے چھوٹے اختلافات پر خون بہنے لگا ۔
عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے دنیا بھر میں تشدد قتل وغارت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے،یوں دکھائی دیتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ کاہنہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں خاوند نے بیوی کے سر پر راڈ مار کر خاتون کو ابدی نیند سلا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے خاتون سے پیسوں کا مطالبہ کیا، خاتون کے انکار کرنے پر اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزم واقعہ کے بعد سے فرار ہے جبکہ گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے خاتون کی لاش جناح ہسپتال مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ خاتون کے سر پر لگنے والا راڈ موت کی وجہ بنا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ خاتون شمیم بی بی لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھی، شمیم بی بی بیماری کی وجہ سے کام پرنہیں جارہی تھی۔