محکمہ خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کےدرمیان ڈیڈلاک برقرار

18 May, 2020 | 10:46 PM

Malik Sultan Awan

(حسن علی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود کے مابین ہڑتال کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار ، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری تک ملیں نہ چلانے کا اعلان کردیا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا، چئیرمین پنجاب عبدالروف مختار، حافظ احمد، میاں ریاض سمیت دیگر نے سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود سے ملاقات کی اوراپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری خوراک نے کہا ایسوسی ایشن آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 805 روپے میں فروخت کرے جس پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چئیرمین عبدالروف مختار کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز کو گندم کی خریداری بروقت نہیں کرنے دی اور اس وقت گندم کی قیمت 1600 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 805 روپے میں فروخت نہیں کر سکتے۔

عبدالروف مختار کا کہنا تھا کہ سیکرٹری خوراک نے فلور ملز کی گندم کی صوبے بھر میں نقل و حمل پر عائد پابندی ختم کرنے اور انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی مل مالک کو ہراساں کرنے اور نہ ہی کسی مل پر چھاپے مارنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی اور ساتھ ہی سیکرٹری خوراک نے فلور ملز کے مسائل کے حل کی سمری وزیر اعلی پنجاب سے منظوری سے مشروط کی ہے اس لئے جب تک وزیراعلی فلور ملز کے مسائل کے حوالے سے سمری منظور نہیں کرتے، ملز نہیں چلائیں گے۔

دوسری جانب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر گندم و آٹے کی وافر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی شہریوں کو فلور ملوں کی طرف سے مہنگے داموں گندم کی فروخت کی اجازت دی جائے گی۔

 
 

مزیدخبریں