راو دلشاد: لاک ڈاؤن میں نرمی کا لاہوریوں نے خوب فائدہ اٹھایا . شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا، فیروزپور روڈ، سرکلر روڈ اور آزادی چوک سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار رہی۔
لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی تو شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔شہر کی بیشتر مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار رہی۔سرکلر روڈ، میکلوڈ روڈ ،راوی روڈ ،بھاٹی چوک ،داتا دربار، لوئر مال چوک اور چوبرجی پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔
ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سےمنٹوں کا سفر گھنٹوں میں طےہونے لگا۔شہریوں کو ٹریفک کے شدید دباؤ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے ملک میں شاپنگ مالز کھولنے کا بھی حکم دے دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چھوٹے دکانداروں کو کام کرنے سے نہ روکیں۔آپ دکانیں بند کریں گے تو دکاندار کرونا کے بجائے بھوک سے مرجائے گا۔کیا وبا نے حکومت سے وعدہ کررکھا ہے کہ وہ ہفتہ اتوار کو نہیں آئے گی۔کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں یا ہفتہ اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دوکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے۔دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں.
خیال رہے کہ اس وقت کورونا سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا متاثر ہو چکی ہے۔اس وقت کورونا سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا متاثر ہو چکی ہے۔ اس وقت مریضوں کی تعداد 48 لاکھ سے بھی زائد ہوگئی جن میں سے 18 لاکھ سے زائد صحتیاب بھی ہو گئے ہیں.
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 42 ہزار 125 تک جا پہنچی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 974نئے کیس رپورٹ ہوئے،پنجاب میں 15 ہزار446 ،سندھ میں 16 ہزار 377، خیبر پختونخوا میں 6 ہزار61، بلوچستان میں 2 ہزار 692، گلگت بلتستان میں 540،اسلام آباد میں 947 جبکہ آزاد کشمیر میں 112 کیس رپورٹ ہوئے۔
ملک میں اب تک 3 لاکھ 87 ہزار 335 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 925 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 ہزار922 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 313 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ملک میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 903 ہوگئی ہے۔سندھ میں 277،پنجاب میں 260، خیبر پختونخوا میں 318، گلگت بلتستان میں 4، بلوچستان میں 36 اور اسلام آباد میں 7 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اب تک 735 اسپتالوں میں کرونا مریضوں کا علاج جاری ہے، ان اسپتالوں میں 9ہزار 431 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔