( علی اکبر ) مسلم لیگ ( ن) نے ملک میں معاشی بحران کے باعث وزیراعظم سے مستعفیٰ ہو کر فوری الیکشن کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے مستعفیٰ ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔ مسلم لیگ ( ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں خطرناک معاشی بحران کا شکار ہے، روپے کی قدر میں مسلسل کمی واقعہ ہو رہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 150 روپے سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔
قرار داد میں مزید کیا گیا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے، ان تمام حالات کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان ہیں۔ لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فی الفوری اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوں اور ملکی حالات کے پیش نظر فی الفور نئے انتخابات کرائے جائیں۔