ڈولفن فورس کی فائرنگ سے راہگیر خاتون جاں بحق

18 May, 2019 | 11:16 AM

Sughra Afzal

(عابد چودھری) تربیت کی کمی یا احساس کی، جان و مال کے محافظ ہی جان کے دشمن بن گئے، کوٹ لکھپت میں بینک سٹاپ پر ڈولفن فورس کی فائرنگ سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی،لواحقین نے فیروز پور روڑ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ڈولفن فورس بھی پنجاب پولیس کے نقش قدم پر چل نکلی، فائرنگ کرنے کے ایس او پیز ہی بھول گئی، کوٹ لکھپت کے علاقے بنک سٹاپ کے قریب ڈولفن اہلکار موٹرسائیکل سوار دو مشکوک افراد کا تعاقب کر رہے تھے، ایک مشکوک شخص نے موٹرسائیکل کو چھوڑ کر بھا گنے کی کوشش کی تو ڈولفن اہلکار نے فائرنگ کر دی، مشکوک شخص تو فرار ہو گیا لیکن گولی راہگیر خاتون کے سر میں جا لگی جس کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ  دم توڑ گئی،نسرین بی بی کے اہلخانہ نے فیروز پور روڑ بلاک کر دیا اور شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے واقعہ میں ملوث ڈولفن اہلکاروں کو موقع سے حراست میں لیکر اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ایس پی ڈولفن بلال ظفر بھی موقع پر پہنچ گئے۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داران کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔

مزیدخبریں