(ویب ڈیسک) پنجاب کابینہ نے 24-2023 کے 4 ہزار 480 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی,کابینہ نے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا،صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی، صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 24-2023 کی منظوری دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توسیع بھی کی۔
کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 655 ارب اور سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ 20 ارب روپے منظور کر لیا، صحت کیلئے 473 ارب، تعلیم کیلئے 596 ارب اور تعمیرات کیلئے 382 ارب کا بجٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ رمضان پیکیج کے لئے 30ارب روپے کا بجٹ منظور ہوا ہے،پنجاب میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے 11 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لئے 12.5 ارب، پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کے لئے 10ارب اور حفظان صحت کے توسیعی پروگرام کے لئے 11.4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اسی طرح گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لئے 264 ارب ، بجٹ میں زراعت پر سبسڈی کے لئے 25.6 ارب رکھنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کیلئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے،اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے، صوبہ بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا مزید کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیاء کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آ رہے ہیں، چیف سیکرٹری، ان کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کیلئے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔