جنید ریاض: پنجاب ایگزامینیشن کمیشن فنڈز کا ضیاع کے سواکچھ نہیں ،پیکٹ و پنجاب ٹیچرز یونین نے ’پیک‘ کو بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔
صدرپیکٹ کاشف شہزاد چودھری کا کہنا ہے کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی کارکردگی صفر جمع صفر ہے،پیک آن لائن سوالیہ پرچے سکولوں کو فراہم کرنے کے مد میں کروڑوں کے بجٹ استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرچوں کی پرنٹنگ کے اخراجات بھی سکولوں کے ذمہ ڈالے جاتے ہیں،سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے نام پر فنڈز کا ضیاع کیا جا رہا ہے۔
کاشف شہزاد چودھری نے کہا کہ امتحانات لینا، پر چے چیک کرنا بھی سکولوں کے ذمہ ہے، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن سالانہ کروڑوں کے فنڈز ضائع کررہا ہے۔سوالیہ پیپر ای میل کرنے پر پیک کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوتا، فی سوالیہ پیپر فوٹوکاپی پر سکول کے 40 روپے خرچ ہوتے ہیں،تمام بچوں کا پیپر لینے پر ایک سکول کا 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے خرچ ہورہا ہے،توپیک کی کیا کارکردگی ہے؟ اسے فی الفورختم کر دیا جائے۔