ملک اشرف : ایل ٹی وی ڈرائیورنگ لائسنسوں کی فیس میں اضافے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔
لاہور ہائیکورٹ نے ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب اور سی ٹی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،جسٹس شاہد کریم نے سید محمد افتاب شاہ کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے مظہر امین چدھڑ ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایل ٹی وی ڈرائیور لائسنس کی فیس ساڑھے 900 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے،ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافہ ایل ٹی وی گاڑی ڈرائیورز کے لیے ناقابل برداشت ہے،فیس میں اضافہ موٹر وہیکلز ارڈیننس 1965 کی شق 22 سے متصادم ہے،پرینٹنگ و متفرق چارجز کی مد میں بھی 480 روپے عائد کردئیے گئے ہیں۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر پرانی قیمتوں پر ہی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا حکم جاری کرے۔