(وقاص عظیم) پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین جائزہ مذاکرات کا اختتامی دور آج ہوگا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے موجودہ پروگرام کے تحت تاحال کوئی نئی شرط عائد نہیں کی، شیڈول کے مطابق آخری جائزہ مذاکرات آج ختم ہوجائیں گے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں، محکمہ کو عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کے مثبت نتائج موصول ہونے کی امید ہے، مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات تعمیری اور مثبت انداز سے جاری ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان آخری جائزے کیلئے تمام اہم شرائط پوری کرچکا ہے، مذاکرات کی کامیابی آئی ایم ایف کے اطمینان سے مشروط ہے، مذاکرات کی کامیابی سے متعلق فیصلہ آئی ایم ایف کرے گا۔
مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا اور جائزہ مشن ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط کیلئے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو سفارش کرے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات 3 ارب ڈالرز کے قلیل مدتی قرض پروگرام کے تحت ہو رہے ہیں، اس سے پہلے پاکستان کو 2 اقساط میں مجموعی طور پر ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں۔