جرمنی میں قتل ہونے والے پاکستانی شہری کی میت کراچی پہنچا دی گئی

18 Mar, 2024 | 10:17 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) جرمنی میں قتل ہونے والے پاکستانی فہیم الدین کی میت جرمنی سے کراچی پہنچا دی گئی۔

 جرمنی میں ذہنی مریض نے گھر میں گھس کر پاکستانی فیملی پر چاقو سے حملہ کردیا، جس سے اٹھاون سالہ فہیم الدین جاں بحق ہوگئے جبکہ اہلیہ اور بیٹی شدید زخمی ہوئیں۔
مقتول کی میت غیر ملکی ائیرلائن پگاسس ایئر کی پرواز کے ذرئعے کراچی ایرپورٹ منتقل کی گئی،فہیم الدین کے ورثا  نےکراچی ائیرپورٹ کے کارگو ٹرمینل سے میت وصول کی۔
مقتول فہیم الدین کے بھائی وجیہہ الدین  نے  کراچی ایئر پورٹ پر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  فہیم الدین 1992 سے جرمنی میں رہائش پزیر تھا،انہیں چھری کے وار سے قتل کیا گیا،واقعے میں مقتول کی اہلیہ اور بیٹی شدید زخمی ہوئیں، جو جرمنی کے ہسپتال میں زیر علاج  ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ مقتول فہیم الدین ٹیکسی چلاتا تھا، وجیہہ الدین نےدعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بھائی کے قاتل کو پولیس نے ہلاک نہیں کیا،پولیس نے ایک گولی قاتل کے پاؤں پر ماری،قاتل کا اچھا علاج ہورہا ہے ،یہ نہیں ہونا چاہئے, کسی کو بھی نفسیاتی ڈکلیئر کرکے بری کردیا جائے۔

  وجیہہ الدین نے کہاکہ  قاتل نفسیاتی مریض نہیں تھا، وہ بھی ٹیکسی ڈرائیور تھا مقتول کی طرح،  اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کی ضرورت ہے،میں اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ مقتول کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر محمدی مسجد نزد لیاقت علی چوک میں ادا کی جائے گی۔

مزیدخبریں