(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عدالتی احکامات کے باوجود مینار پاکستان جلسہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان کو مینار پاکستان جلسہ کے حوالے سے تیاریاں کرنے کا حکم دے دیا۔
عمران خان نے زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد عدالت میں پیش ہونے کے بعد اتوار کے روز کارکنان جلسہ کی تیاری کریں، پیر کے روز مینار پاکستان جلسہ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پہلے بھی کئی بار مینار پاکستان بھر چکی ہے، پیر کے روز بھی جلسہ کر کے مینار پاکستان کا گراؤنڈ بھریں گے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ سب آئیں، تاکہ اپنے بچوں کو بتاسکیں کہ سب سے بڑے جلسے میں آپ موجود تھے، باقی پارٹیوں نے بھی مینار پاکستان جلسے کیے مگر اسکا گراؤنڈ نہ بھر سکیں۔