ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں؛ محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

18 Mar, 2022 | 10:29 AM

(سٹی42)ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار، فضائی آلودگی میں بہتری نہ آسکی، لاہور کی فضا آلودہ،مضر صحت، شرح آلودگی 197 ریکارڈ کی گئی ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر میں کمی کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ خطہ پوٹھوہار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج صبح سے موسم میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے، تیز دھوپ نہ نکلنے کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہوئی ہے، درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈر کیا گیا ہے۔

 11 کلومیڑ فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ دوسری طرف کوٹ لکھپت میں آلودگی کی شرح 340، ماڈل ٹائون میں 258، جوہر ٹائون 200 اور ڈی ایچ اے فیز 8 میں شرح آلودگی 211 ریکارڈ کی گئی ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہناتھا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا،اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے آندھی تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔دن کے درجہ حرارت معمول سے 05سے07ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہیں گے۔

پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔خطہ پوٹھوہار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سرگودھا، میانوالی، خوشاب، حافظ آباد،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات میں تیز ہوائیں آندھی چلنے اور گرج چمک کی توقع ہے۔

لاہور، شیخوپورہ ، اوکاڑہ ، ساہیوال ،ملتان ،بہاولپوراور فیصل آباد میں تیز ہوائیں آندھی چلنے اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔دیر، چترال، سوات، بونیر، مانسہرہ ، ایبٹ آباد، ہری پور میں تیز ہواؤں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مردان، پشاور، صوابی، کرم اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کابھی امکان ہے۔

مزیدخبریں