میٹرک کے طلبا کیلئے بڑی خوشخبری ،بورڈ کا اہم فیصلہ

18 Mar, 2022 | 09:25 AM

ویب ڈیسک:پاکستان میں پہلی بار میٹرک سائنس پرائیویٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان کے تعلیمی بورڈز کے سربراہان فورم انٹربورڈز کمیٹی آف چیئرمینز(آئی بی سی سی) نے کیمبرج کی طرز پر ملک بھر میں پرائیویٹ طلبا کو بھی سائنس کے مضامین سے میٹرک کرنے کی منظوری دے دی۔

ملک میں پہلی بار میٹرک سائنس گروپ کو پرائیویٹ کرنے کی اجازت ملنے کے بعد اب طلبہ اسکولوں میں داخلہ لیے بغیر پرائیویٹ امیدوار کی حیثیت سے انرولمنٹ کراکے ملک کے کسی بھی سرکاری و نجی تعلیمی بورڈ سے میٹرک سائنس کا امتحان دے سکیں گے۔

مزید براں نویں جماعت میں انرولمنٹ کے لیے عمر کی حد 14 سے کم کرکے 12 سال کردی گئی ہے۔

پرائیویٹ طلبہ کو سائنس کے مضامین سے میٹرک اور انٹر کے امتحانات دینے کی اجازت دینے کی سفارش ضیاء الدین یونیورسٹی ایکزامینیشن بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر ناصر انصار کی جانب سے کی گئی تھی جس میں سے فی الحال میٹرک سائنس پرائیویٹ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ انٹر کے معاملے پر ایک کمیٹی بنا دی گئی جو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

بورڈ کے فیصلے کے بعد اب کوئی بھی طالب علم پاکستان کے کسی بھی تعلیمی بورڈ سے پرائیویٹ بنیادوں پر انرولڈ ہوکر میٹرک سائنس کا امتحان دے سکتا ہے۔

 
 

مزیدخبریں