(ویب ڈیسک) فرانس میں کوروناوائرس کی ایک اور نئی قسم دریافت ،حال ہی میں درجنوں اموات پر تحقیق کے دوران نئی قسم دریافت ہوئی جس کو پی سی آر ٹیسٹوں میں پکڑنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں کہ یہ کس حد تک جان لیوا یا متعدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس میں کوروناوائرس کی ایک ایسی نئی قسم کو دریافت کیا گیا ہے جس کو پی سی آر ٹیسٹوں میں پکڑنا بہت مشکل ہوتا ہے۔اے آر ایس ہیلتھ سروس کے مقامی ڈائریکٹر اسٹیفن میولیز نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ لانیون کے ایک ہسپتال کے بائیولوجسٹ نے حال ہی میں درجنوں اموات پر تحقیق کے دوران اس نئی قسم کو دریافت کیا۔انہوں نے بتایا کہ 7 افراد میں کرونا وائرس کی روایتی علامات دریافت ہوئی تھیں حالانکہ ان کے پی سی آر ٹیسٹ منفی رہے تھے۔
اس موقع پر فرنچ ہیلتھ ایجنسی کے ریجنل ڈائریکٹر ایلن تریتے نے بتایا کہ متاثرہ افراد کے نمونوں کو پیرس کے پیستور انسٹی ٹیوٹ میں جینیاتی سیکونسنگ کے لیے بھیجا گیا تھا جس کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ وائرس کی ایک نئی قسم ہے۔ اس دریافت کے بعد اس خطے میں ٹیسٹوں اور ٹریسنگ کا عمل بڑھا دیا گیا ہے کہ تاکہ تعین کیا جاسکے کہ یہ نئی قسم دیگر علاقوں تک پہنچی ہے یا نہیں۔