بیک ٹو سکول مہم ناکام، ایجوکیشن اتھارٹی نے بڑا فیصلہ کرلیا

18 Mar, 2021 | 02:52 PM

Sughra Afzal

(جنید ریاض) لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں کورونا کے باعث داخلہ مہم بری طرح متاثر ہونے لگی، دس لاکھ داخلوں کے ہدف میں سے صرف اڑھائی لاکھ بچے داخل ہوسکے، داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں لاہور 32 ویں نمبر پر ہے،  ایجوکیشن اتھارٹی  نے غفلت دکھانے والے سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کرنے کافیصلہ کرلیا۔

پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم بری طرح متاثر ہونے لگی، داخلوں کا  ہدف پورا کرنے میں لاہور  32ویں نمبر پر جبکہ گجرات 27 فیصد داخلوں کا ہدف پورا کرکے پہلے نمبر پر رہا، چکوال 23 فیصد کے ساتھ دوسرے اور جہلم 20 فیصد داخلوں کا ہدف پورا کرکے تیسرے نمبر پر ہے، تاحال لاہور میں صرف 2 فیصد داخلوں کا ہدف پورا کیا جاسکا ہے۔

  پنجاب بھر کے سکولوں میں  10 لاکھ بچوں کے داخلوں کا ہدف دیا گیا تھا، یکم فروری سے اب تک صرف تین لاکھ بچوں کے داخلوں کا ہدف حاصل کیا جاسکا، یکم اگست سے قبل مزید 7 لاکھ بچوں کو سکول میں لانے کا ہدف ابھی باقی ہے، فیصل آباد 12 ویں، ٹوبہ ٹیک سنگھ 11 ویں اور چنیوٹ دسویں نمبر پر ہے، جبکہ ملتان 28 ویں، حافظہ آباد8  ویں اور سیالکوٹ چھٹے نمبر پر ہے، پاکپتن 1 فیصد داخلوں کا ہدف پورا کر کے 36  ویں نمبر پر ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع کو داخلہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اہداف پورے نہ کرنے والے اضلاع کے سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیر تعلیم کی زیر صدارت سکول داخلہ مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں ڈاکٹر مراد راس نے کہا تھا کہ داخلہ مہم کی کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد ہو کر محنت کرنے کی ضرورت ہے ، سکول کونسلز کی مدد سے والدین کو سماجی طور پر  متحرک کریں، سزا اور جزا کے نظام کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی،کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

مزیدخبریں