ٹاؤن شپ (سٹی 42نیوز) چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے 152 ممالک میں پھیل چکا ہے، جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک اس وائرس سے7 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیز ی سے پھیل رہا ہے، صوبہ سندھ میں 22، پنجاب میں 26،بلوچستان میں 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 238 ہوگئی، لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، کورونا وائرس کے معاملے پر حکومتی اقدامات کی وجہ سے لاہوریوں کو شہباز شریف دور کی یاد ستانے لگی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 2011ءمیں ڈینگی وبا آئی تو وبا سے ہزاروں اموات متوقع تھی، لیکن سابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف متحرک ہوئے، دن میں تین تین بار میٹنگ کی، عوامی نمائندوں، بیوروکریسی کو متحرک کیا اور ڈینگی آگاہی مہم کامیابی سے چلائی اور ڈینگی کوشکست دی جبکہ پنجاب حکومت تاحال مہلک وار سے بچاؤ کیلئے کوئی قابل عمل حکمت عملی ترتیب نہیں دے سکی۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو فیس ماسک استعمال کرنے، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔