(زین مدنی ) سینئر اداکار ندیم بیگ نے کہا ہے کہ سینما انڈسٹری کے مسائل کی ایک بڑی وجہ مہنگی ٹکٹس ہیں جس نے عام آدمی سے تفریح کو دور کردیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ ہم نے انٹرٹینمنٹ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کردیا ہے، سنیما گھروں کے ٹکٹس کو اتنا مہنگا کردیا کہ امیر طبقہ تو اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ غریب اس سے دور ہوگیا ہے، اصل میں فلم کو ہٹ اور فلاپ کرانے والے فلم بین تو اب فلم دیکھ ہی نہیں پا رہے ہیں۔
بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ فلموں کی نمائش اور پابندی سے ہماری فلموں پر کوئی فرق نہیں پڑتا، انہوں نے کہا کہ جو اچھی فلم ہوگی وہ لوگ دیکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آئٹم سانگ سے فلمیں نہیں چلتی اچھے سانگ سے فلمیں چلتی ہےں۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری دوبارہ سے کھڑی ہورہی ہے لیکن ستر کی دہائی جیسی فلم انڈسٹری کی واپسی میں ابھی مزید وقت لگے گا انہوں نے کہا کہ میں بہت پرامید ہوں کیونکہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ بہت ہے۔