مانیٹرنگ ڈیسک: جمیعت علما اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دوبارہ ملک پر فتنے کو مسلط نہیں ہونے دیں گے، اگلی حکومت بھی ہم ہی بنائیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فتنے کا خاتمہ ہوچکا ہے جس کے بعد اب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملکی ترقی کا سفر جان بوجھ کر روکا، ماضی کی حکومت میں پسماندگی میں اضافہ ہوا جبکہ ملکی معیشت بھی تباہ ہوئی، میگا پراجیکٹس کو بھی روکا گیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ چین کی مدد سے سی پیک اور بجلی کی پیداوار بڑھانے والے پراجیکٹس کو منجمد کیا گیا، ہم نے چھٹی انگلی کی طرح چیئرمین پی ٹی آئی کو کاٹ کر پھینک دیا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ اگلی حکومت بھی ہم ہی بنائیں گے اور ملک پر دوبارہ فتنے کو مسلط نہیں ہونے دیں گے، آئندہ الیکشن میں اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہوسکتی ہے جس کا فیصلہ وقت آنے پر ہی کیا جائے گا۔