لاہور میں کورونا ویکسین کا عمل روکنے کی اہم وجہ سامنے آگئی

18 Jun, 2021 | 10:44 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)لاہور میں کورونا ویکسین کی بدستور قلت کا سامنا ، نوے فیصد ویکسنیشن سنٹرز بند ، اتوار کے روز ویکسینیشن کے عمل کو مجبوراً روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز کے لئے لاہور شہر میں ویکسی نیشن کا عمل بری طرح متاثر رہے گا، انتظامیہ کے پاس سٹاک ہی موجود نہیں ہے جبکہ اتوار کی رات سے قبل لاہور میں ویکسین کا سٹاک آنا ممکن نہیں ہے ، گزشتہ روز بھی ایکسپو سنٹر میں ویکسینیشن کا دورانیہ محدود کردیا گیا تھا،لاہور انتظامیہ نے مجبورا ویکسینیشن سنٹرز کو دو روز کے لئے صفائی ستھرائی کے نام پر بند کرنے پر غور شروع کیا تھا جس پر اب باقاعدہ فیصلہ ہوگیا ہے۔

مزید پڑھئے: کورونا ویکسین لگوانے آنے والوں کیلئے نئی مشکل

اب اتوار کے روز ویکسی نیشن سنٹرز مکمل طور پر بند رہیں گے، ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے لاہور انتظامیہ پر ویکسین مانگ تانگ کر کم سے کم ایکسپو سنٹر کو محدود وقت کے لئےچلانے پر زور دینا شروع کردیا ہے،ذرائع کے مطابق جب تک سٹاک نہیں آتا ایکسپو سنٹر میں مانگ تانگ کر کام چلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ویکسین کا سٹاک ختم ہو گیا،ذرائع کے مطابق ٹیچنگ ہسپتالوں کا ویکسین کا سٹاک بھی ایکسپو سنٹر کو دیدیا گیا،ذرائع کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کی عدم توجہی سے کورونا ویکسین کا سٹاک بروقت نہیں منگوایا جاسکا،جس سے ویکسی نیشن کا عمل بحران کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
ادھر جوڈیشل کمپلیکس میں قائم ویکسنیشن سنٹر میں ویکسین ختم ہونے پر سنٹر بند کر دیا گیا، انتظامیہ کے مطابق ویکسین کی دستیابی پر سنٹر کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  این سی او سی کی ہدایات پر سینٹرز میں چھٹی کا دن تبدیل کیا گیا ہے،شہر میں ویکسی نیشن سینٹر اب جمعہ کی بجائے اتوار کو بند ہوں گے،ویکسین کی قلت ہونے پر آج صرف 3 سینٹرز پر ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔ ایکسپو سینٹر، مینار پاکستان سینٹر اور پی کے ایل آئی ہسپتال میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔

مزیدخبریں