شاہد ندیم سپرا: وفاقی حکومت نے لیسکو کے ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کے میگا پراجیکٹ کو نظرانداز کر دیا۔ ڈیفنس، کینٹ، ٹاؤن شپ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں اووربلنگ اور بجلی چوری کی روک تھام کے منصوبے کیلئے 30ارب میں سے صرف 15کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے تین سال قبل ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کے نام سے شروع ہونے والا منصوبہ صرف فائلوں تک محدود ہو گیا ہے۔ لاہور کے سینٹرل اور ساؤتھ سرکل کے صارفین کیلئے پراجیکٹ بنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے سمن آباد، ٹاؤن شپ، رائیونڈ، اقبال ٹاؤن، کینٹ، ڈیفنس، کوٹ لکھپت اور ملحقہ علاقوں کے صارفین مستفید ہونے تھے۔
منصوبے میں جدید کنٹرول روم بنا کر صارفین کو بلنگ کی جانی تھی جبکہ بجلی چوری کی مانیٹرنگ بھی کنٹرول روم سے ہونی تھی، تین سال قبل شروع ہونے والے منصوبے پر آٹھ کروڑ روپے کے فنڈز تو خرچ ہوگئے لیکن کام کوئی بھی نہ ہوا۔
منصوبے کو یو ایس ایڈ کے تعاون سے پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس میں 24ارب یو ایس ایڈ جبکہ 6ارب وفاقی حکومت نے ادا کرنے ہیں۔