(در نایاب) بہتر کارکردگی کی حامل خاتون افسر سے مینجر سپورٹس کمپلیکس کی سیٹ چھین کرمنظور نظر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر جواد کامران کو مینیجر سپورٹس کمپلیکس کا اضافی چارج دے دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی ہیڈ کوارٹر فارقلیط میر کے منظور نظر شہزادہ جواد کامران کو مینجر سپورٹس کمپلیکس کا اضافی چار سونپا گیا ہے ۔ اس سے قبل جونئیر گریڈ کے ملازم جواد کامران کو ٹرانسپورٹ پالیسی کے خلاف 1000 سی سی کلٹس کار بھی دی گئی تھی ۔ جواد کامران کو گاڑی دینے کے لئے گریڈ اٹھارہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو پیدل کردیا گیا ہے ۔ حال ہی میں ایڈیشنل ڈی ہیڈ کوارٹر اور جواد کامران نے کرونا کا اعزازیہ لینے کی کوشش بھی کی جسے حکومت پنجاب کے نوٹس کے بعد واپس لیا گیا ۔
واضح رہے جواد کامران کو ٹیپا سے ایل ڈی اے میں لا کر گریڈ سترہ سے نوازا گیا جو مستقل نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے ایڈیشنل ڈی ہیڈ کوارٹر کی سفارش پر فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے مینجر سپورٹس کمپلیکس کا اضافی الاؤنس علاوہ تنخواہ دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ایل ڈی اے میں کورونا کے نام پر کئے گئے تمام ترحفاظتی اقدامات بے سود ثابت ہوئے، شہریوں کا داخلہ بند کرکے بھی ملازمین کو کورونا سے بچایا نہ جاسکا ، سترہ سے زائد کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود ملازمین کی سو فیصد ٹسٹنگ عمل میں نہ لائی گئی۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں شہریوں کو دفاتر سے نکال کر افسران کا مجمع لگا کر بیٹھنا معمول بن گیا ،روزانہ شہری ایل ڈی اے دفاتر کے باہر بحث و تکرار کرتے نظر آتے ہیں۔
ذرائع کے مطابو ایڈیشنل ڈی جی ہیڈ کوارٹر سمیت ذمہ داران افسران نے اپنے مہمانوں کو اندر کھاتے داخلہ دینا شروع کردیا،ون ونڈو سیل پر بھی اپوائنٹمنٹ کے بغیر ایل ڈی اے افسران و ملازمین درخواستیں جمع کروا رہے ہیں۔ پنجاب بھر کے دفاتر کورونا ایس او پیز کے تحت شہریوں کے لئے کھلے، ایل ڈی اے نے بند کردیئے ہیں ۔کورونا ایس او پیز کی ناکامی کا ملبہ ایل ڈی اے نے شہریوں پر ڈال دیا ہے ۔کورونا کے نام پر شہریوں کی حق تلفی کی جارہی ہے جبکہ انتظامیہ من مانیاں کررہی ہے۔