تین بھائیوں ،پانچ ہونہار بہنوں نے ریکارڈ قائم کردیا

18 Jun, 2020 | 12:09 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: پاکستان کے پانچ ہونہار بہنوں نے ریکارڈ قائم کردیا ہے،پانچوں بہنیں سی ایس پی آفیسرز بن گئیں۔

پاکستان میں سینٹرل سپیریئر سروسز ( سی ایس ایس) 2019 کے نتائج اور کامیاب امیدواروں کے محکموں کا اعلان ہوا تو کامیاب ہونے والوں کے لیے مبارک باد کے سلسلے نے ٹرینڈ کی شکل اختیار کر لی۔سرکاری شعبے کی ملازمت بالخصوص سینٹرل سپیریئر سروسز ( سی ایس ایس) کے امتحان میں کامیابی اور متعلقہ شعبوں کی پیشہ وارانہ زندگی بہت سوں کی ترجیح ہوتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوا تو ان سے متعلق گفتگو بہت سے دیگر افراد کو بھی اپنی جانب متوجہ کر گئی۔


حالیہ نتائج میں کامیاب ہونے والے افراد کا اجتماعی اور انفرادی ذکر ہوا، کئی نے خود اپنی کامیابی اور اس سے وابستہ جدوجہد کا تذکرہ کیا البتہ بلوچستان کی ایک خاتون امیدوار اور دو گھرانے ایسے تھے جن کے افراد کی کامیابی کو بہت سے لوگ سراہتے دکھائی دیے۔ سی ایس ایس 2019 کے نتائج میں سرفہرست رہنے والے رانا حیدر طاہر تیسرے بھائی ہیں جو سول سروس کا امتحان پاس کر کے اس شعبے کا حصہ بنے ہیں۔ اس سے قبل ان کے دو بڑے بھائی رانا موسیٰ طاہر اور رانا حسین طاہر سی ایس ایس میں کامیابی کے بعد اپے شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

 
خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور سے تعلق رکھنے والے اور طویل عرصے سے راولپنڈی میں مقیم ملک رفیق اعوان کے گھرانے کی پانچویں بیٹی زوہا  ملک شیر بھی کامیاب امیدواروں کی فہرست کا حصہ بنیں۔ ان سے قبل چار بڑی بہنیں لیلیٰ ملک شیر، شیریں ملک شیر، سسی ملک شیر اور ماروی ملک شیر کامیابی حاصل کر کے مختلف مقامات پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔
 

سوشل میڈیا صارفین نے جہاں کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دی اور رہ جانے والوں کو کامیابی کی امید زندہ رکھنے کی ہمت دلائی وہیں دیگر موضوعات پر گفتگو بھی کی۔

یاد رہے پاکستان میں سی ایس ایس امتحانات فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کو گریڈ 17 میں مختلف محکموں میں تعینات کیا جاتا ہے۔ 21 تا 30 برس کی عمر کے ایسے افراد جنہوں نے سیکنڈ ڈویژن میں گریجویشن کر رکھا ہو سی ایس ایس امتحان میں شریک ہو سکتے ہیں۔17 جون کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے 365 کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تو ساتھ ہی 214 کے محکموں کا اعلان بھی ہوا ہے۔

مزیدخبریں