جنید ریاض:موسم کا حال بتانے والوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی, آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرکا موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرکا موسم خشک رہنے کاامکان ہے، موسم خشک رہنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت یہ تناسب 31 فیصد رہےگا۔ جمعہ کے روز بھی شہر کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سورج کے آنکھیں دکھاتے ہی لاہور چڑیا گھر اورسفاری پارک میں جانوروں اور پرندوں کی خاطر تواضع شروع ہوگئی، خوراک میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ٹھنڈے پانی، برف اور پنکھوں کا استعمال شروع کر دیا گیا، سرد علاقوں کے جانور چمپینزی، چیتے، شیر اور دیگر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے، شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور کو آلودہ ترین شہر کہا گیا تھا، آلودگی دنیا بھر کا مسئلہ ہے، وہ چاہے فضائی ہو، آبی ہو، موسمیاتی ہو یا پھر زمینی لیکن شہر لاہور میں دیگر آلودگیوں کیساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، انسانی سرگرمیوں کو اس آلودگی کی بڑی وجہ کہا جاسکتا ہے۔