سعید احمد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مسافر ٹرین اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں بھی اضافہ مسلسل جاری ہے ۔ ریلوے حکام نے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 2فیصد اضافہ کردیا جبکہ مسافر ٹرینوں کی ٹکٹوں میں ایک فیصد اضافہ کر دیا، اس سے قبل یکم جولائی کو بھی فریٹ کرایوں میں 3فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ریلوے کا وزیر تعینات نہ کرنا عوام کو بھاری پڑنے لگا۔سی ای او ریلوے سمیت دیگر حکام کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں از خود اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ ریلوے حکام نے ریشنلائزیشن کے نام پر مسافر ٹرینوں کی ٹکٹوں میں ایک فیصد اضافہ کر دیا، اضافہ اندرون ملک چلنے والی تمام میل ایکسپریس انٹر سٹی اور پسنجر ٹرینوں پر ہوگا۔
ماضی میں ٹرین ٹکٹوں میں اضافہ وزیر ریلوے کی اجازت سے مشروط تھا۔وزیر ریلوے کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث سی ای او ریلوے از خود من چاہا اضافہ کرنے لگے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مسافر ٹرین اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں بھی اضافہ مسلسل جاری ہے۔اضافے کا اطلاق پرائیوٹ ٹرینوں پر بھی ہو گا۔فیصلے کا اطلاق 19 جولائی کو ہوگا۔یکم جولائی کو بھی فریٹ کرایوں میں 3فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔