تیز بارش ،ژالہ باری،بادل کہاں کہاں برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

18 Jul, 2024 | 09:38 AM

مائدہ وحید: شہر   لاہور میں کالے بادل چھا گئے ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج  سےشہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

شہر کا موسم خوشگوار ہونے سے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اُٹھے، لاہور میں بارش برسانے والا سسٹم آج شام سے فعال ہو جائے گا، آج سے 21 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر  لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28،زیادہ سے زیادہ 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا مکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78فیصد ریکارڈ کیا گیاہے جبکہ شہر میں آلودگی کی شرح میں کمی ،ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 110ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ 161، یو ای ٹی میں آلودگی کی شرح 139ریکارڈ، سی ای آر پی آفس 117 اور سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 117ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شہر قائد میں بھی مون سون ہواؤں کا ایک اور اسپیل داخل ہوگا ، 20 جولائی سے کراچی میں تیز بارش متوقع ہے،ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق  شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی27ویں نمبر پر جبکہ  پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 68 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ  کی گئی ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں 21 جولائی تک موسلادھار بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، خطۂ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں اکثر مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔گلگت بلتستان، وسطی اور جنوبی پنجاب، جنوب مشرقی، زیریں سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

آج 18 اور 19 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور طغیانی کا خدشہ ہے۔اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، موسلادھار بارش کے باعث بالائی، وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی، موسلادھار بارش کے باعث  اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 50 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے، فلیش فلڈنگ ذرائع آمدورفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو  بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے عوام الناس کو تاکید کی ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دو چار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔

مزیدخبریں