(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے صاحبزادے عنزہ طارق کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے صاحبزادے کی نماز جنازہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹیریٹ چک شہزاد میں ادا کی گئی جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور وفاقی وزیر احسن اقبال سمیت متعدد اہم شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
طارق فضل چوہدری کے صاحبزادے عنزہ طارق کی تدفین آبائی قبرستان میں کردی گئی۔ نماز جنازہ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہمارا غم بانٹنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ میرے بیٹے کے جنازے میں آنیوالوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ میرے بیٹے کی آخرت کی منزلوں کی مغفرت کیلئے دعا کریں۔