سٹی42: وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے سے چار دن پہلے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ دونوں بڑی اتحادی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے 8 اگست کو قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے ۔
موجودہ قومی اسمبلی کی پانچ سالہ آئینی مدت 12 اگست کی آدھی رات کو ختم ہو جائے گی، اس تاریخ سے چار دن پہلے دونوں جماعتوں نے مبینہ طور پر مقننہ کو تحلیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 224 کے مطابق قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات جس دن اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے اس کے فوراً بعد ساٹھ دن کی مدت کے اندر کرائے جائیں گے ۔ جبکہ اگر حکومت قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے پہلے قومی اسمبلی تحلیل کرے تو اس صورت میں عام انتخابات 90 دن کے اندر کروانا لازم ہے۔